کراچی (افضل ندیم ڈوگر) کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر خودکار ای چالانز کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسے میں جلد باز اور قانون شکن ڈرائیورز کیلئے "جنکشن باکس" کا شکنجا تیار کر لیا گیا ہے۔ شہر کی اہم شاہراہ آئی آئی چندریگر روڈ کی تمام بڑی کراسنگز پر جنکشن باکس بنا دیے گئے ہیں۔ جہاں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خود کار نظام سے چالان کئے جائیں گے۔ جنکشن باکس کیا ہیں اس بارے میں بریفنگ دینے کے لیے خاتون ڈی ایس پی ٹریفک فہمیدہ عباسی نے اس نمائندے کو دورہ کرایا۔ فہمیدہ عباسی نے بتایا کہ پیلے رنگ کی کراس لائنوں پر مشتمل "جنکشن باکس" کسی چوراہے کو ٹریفک سے رکھنے کیلئے ڈیزائن کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد اس بات کو یقینی بنا کر ٹریفک جام کو روکنا ہے کہ گاڑیاں صرف اس صورت میں چوراہے میں داخل ہوں جب وہ بغیر رکے مکمل طور پر باہر نکل سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر ایک گاڑی جنکشن باکس کے اندر ہے تو دوسری گاڑی جنکشن باکس میں داخل نہیں ہوگی۔ بیک وقت دو گاڑیاں جنگشن باکس میں موجود ہوں گی تو خود کار کیمرہ پچھلی گاڑی کا چالان کر دے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر موٹر سائیکل سوار ہوں نئے چالان سے بچنا ہے تو وہ کسی بھی شاہراہ پر انتہائی الٹے ہاتھ کی لائن پر سفر کریں۔ فاسٹ لائن یا سڑک کے درمیان سفر کرنے والوں کے چالان کئے جارہے ہیں۔