• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ بندی کے باوجود بحران برقرار، غزہ و لبنان پر اسرائیلی بمباری، 5 شہید

کراچی (نیوز ڈیسک) جنگ بندی کے باوجود بحران برقرار، غزہ و لبنان پر اسرائیلی بمباری، 5 شہید، لبنانی سرحد پر کشیدگی اور نئی آبادکاریاں خطہ مزید غیر مستحکم، تل ابیب کی وعدے کے برعکس روزانہ صرف 145 امدادی ٹرکوں کو داخلے کی اجازت، القسام بریگیڈز نے تین اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں حوالے کیں، اسرائیل نے مشرقی یروشلم کے قریب نئی آبادکاری چوکی قائم کر لی، 54 فلسطینی زمینوں پر قبضے کے احکامات جاری۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ جنگ بندی کے باوجود کشیدگی برقرار، اسرائیل کی امداد پر پابندیاں، لبنانی سرحد پر حملے، اور نئی آبادکاریوں سے حالات مزید بگڑ گئے۔ غزہ میں امریکی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی کے باوجود صورتحال مسلسل کشیدہ ہے۔ اسرائیل نے وعدے کے برخلاف محصور علاقے میں امدادی سامان کی ترسیل سختی سے محدود کر دی ہے۔ روزانہ صرف 145 ٹرک امداد کے داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے، حالانکہ اسرائیل نے 600 ٹرک روزانہ کی اجازت دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اسی دوران، القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ وہ رات تین ہلاک شدہ اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کرے گی۔ یہ لاشیں غزہ پٹی کے جنوبی حصے میں ایک سرنگ سے ملی تھیں۔ حماس نے مزید الزام لگایا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں طبی غفلت اور تشدد کے نتیجے میں 65 سالہ فلسطینی قیدی محمد حسین شہید ہوا، اور اسرائیل کو اس کی موت کا مکمل ذمہ دار قرار دیا ہے۔ لبنان کی جنوبی حدود پر بھی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ نبتیہ میں سینکڑوں افراد نے اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے پانچ لبنانی شہریوں کی یاد میں اجتماع کیا، جن میں چار افراد اسرائیل کے مطابق حزب اللہ کی ردوان فورس کے ارکان تھے۔ یہ حملے اس خدشے کو بڑھا رہے ہیں کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تقریباً ایک سال سے جاری جنگ بندی ٹوٹ سکتی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے مقبوضہ مشرقی یروشلم کے شمال میں واقع فلسطینی قصبے عناتہ میں نئی آبادکاری چوکی قائم کر لی ہے، جہاں فوج نے بلڈوزر کے ذریعے زمین ہموار کر کے خیمے، کاروان اور موبائل گھروں کی تنصیب کی۔ فلسطینی آبادکاری و دیوارِ مزاحمت کمیشن کے مطابق، اسرائیل نے رواں سال کے آغاز سے اب تک فلسطینی زمینوں پر قبضے کے لیے 54 فوجی احکامات جاری کیے ہیں۔

دنیا بھر سے سے مزید