اسلام آباد( ر ا نا غلام قا د ر)وفاقی کابینہ کی منظوری کے دو ماہ بعد بھی سول آرمڈ فورسزکے لیے شہدا پیکج کےمعاوضے میں اضافےکے فیصلے پر عمل درآمد نہ کیاجاسکا۔وفاقی وزارت داخلہ نے کابینہ کا منظورشدہ سول آرمڈ فورسزکے لیے نظرثانی شہدا پیکج کا نوٹیفکیشن ا بھی تک جاری نہیں کیا۔وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز کے لیے شہدا پیکج کےمعاوضہ میں دو سو تنتیس فیصد تک اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کےمطابق سول آرمڈ فورسزکے لیے شہداپیکج کےمعاوضے میں نظرثانی کے ڈرافٹ نوٹیفکیشن پر کچھ تکنیکی معاملات کے باعث وزارت خزانہ اور اسٹبلشمنٹ ڈویژن نے رائے دینے میں تاخیر کی جس کے نتیجے میں وفاقی کابینہ کے فیصلے پر بروقت عمل درآمد نہیں کیاجاسکا تاہم بہت جلد نوٹیفکیشن جاری کردیاجائےگا-حکومتی ذرائع کےمطابق وفاقی کابینہ نے اس سال 26اگست کو سول آرمڈ فورسز کے لیے شہدا پیکج کا معاوضہ بڑھانے کی منظوری دی تھی اور فیصلہ عمل درآمد کے لیے وزارت داخلہ کو بھجوادیا تھا- حکومتی ذرائع کےمطابق سول آرمڈفورسزکے لیے شہداء پیکج کامعاوضہ اسلام آباد پولیس کے برابر کرنے کا فیصلہ ہوا ہے،ذرائع کے مطابق سول آرمڈفورسزکے لیےسیکیورٹی سے متعلق شہداء پیکج کا کم سےکم معاوضہ موجودہ30اکھ روپےسےبڑھ کر ایک کروڑ روپے ہو جائےگاجبکہ سول آرمڈفورسزکے لیےسیکیورٹی سے متعلق شہداءپیکج کازیادہ سےزیادہ معاوضہ موجودہ ایک کروڑ روپے سے بڑھ کر 2 کروڑ روپے ہو جائے گا-