لاہور (آصف محمود بٹ) برطانیہ اور امریکا سے آئے سکھ یاتریوں کے ایک وفد نے گزشتہ روز تاریخی پونچھ ہاؤس اور بھگت سنگھ گیلری کا دورہ کیا اور پنجاب حکومت کی جانب سے اس قدیم ورثے کی بحالی اور خوبصورت انداز میں پیشکش پر گہری مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔سیاحت و ترقیاتی کارپوریشن پنجاب (TDCP) کے گائیڈ نے وفد کو 1849ء میں تعمیر ہونے والی اس تاریخی عمارت کی تفصیلی تاریخ سے آگاہ کیا، جو حال ہی میں حکومتِ پنجاب نے اپنی اصل حالت میں بحال کی ہے۔ بعدازاں کمیٹی روم میں وفد کو ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں عمارت کی بحالی کے مراحل، اس کی تاریخی اہمیت اور بھگت سنگھ کی جدوجہد اور قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔ وفد نے بعد میں پونچھ ہاؤس کے اندر قائم بھگت سنگھ گیلری کا معائنہ کیا، جہاں 1931ء میں ان کے مقدمے کے آخری ایام کی منظر کشی کی گئی ہے۔