ابوظہبی (جنگ نیوز) یو اے ای میں پچاس سال سے اوپر افراد کو شنگلز ویکسین لگانے کا مشورہ، اس سے فالج، دل کی بیماری اور ڈیمنشیا خطرات میں کمی آئی، ماہرین کا کہنا ہے ویکسین کو معمول کی ٹیکہ کاری بنایا جائے، پختہ عمر کے افراد اور کمزور مدافعتی نظام والے مریضوں کیلئے وزارتِ صحت کی باضابطہ سفارش، خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ماہرینِ صحت نے پچاس سال سے زائد عمر کے افراد اور کمزور مدافعتی نظام والے مریضوں کو شنگلز (Herpes Zoster) ویکسین لگوانے کی تلقین کی ہے، کیونکہ یہ نہ صرف جلد پر ظاہر ہونے والی تکلیف دہ خارش اور دانوں سے بچاتی ہے بلکہ تحقیق کے مطابق دل کے امراض، فالج، ڈیمنشیا اور قبل از وقت موت کے خطرات کو بھی نمایاں طور پر کم کرتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ ویکسین دو خوراکوں میں چھ ماہ کے وقفے سے دی جاتی ہے اور تقریباً دس سال تک تحفظ فراہم کرتی ہے، تاہم یو اے ای میں اس کے بارے میں آگاہی کم ہے، جہاں صرف چند فیصد بالغ افراد نے یہ ویکسین لگوائی ہے۔ وزارتِ صحت نے اسے پچاس سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے باضابطہ طور پر تجویز کیا ہے تاکہ بڑھتی عمر کے ساتھ لاحق خطرناک بیماریوں سے بروقت تحفظ فراہم کیا جا سکے۔