لاہور (نمائندہ جنگ ) حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144کے نفاذ میں 7یوم کی توسیع کر دی،جلسوں اور دھرنوں پر پابندی برقرار، ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق اسلحہ کی نمائش بھی نہیں کی جاسکے گی، پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین پر نہیں ہوگا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں، اجتماع اور ایسی تمام سرگرمیوں پر موجود پابندی میں ہفتہ 8 نومبر تک دفعہ 144کے تحت توسیع کی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ دفعہ 144کے تحت چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل پابندی ہوگی۔