کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ میں امیر تارکینِ وطن پر 20فیصد “ایگزٹ ٹیکس” لگانے کی تجویز، مقصد ٹیکس چوری کی روک تھام اور خزانے میں اضافہ، دو ارب پاؤنڈ (742ارب روپے) اضافی آمدن متوقع، اپوزیشن نے پاگل پن‘ قرار دیا۔ برطانوی حکومت امیر شہریوں پر 20فی صد ایگزٹ ٹیکس (Exit Tax) عائد کرنے پر غور کر رہی ہے جو بیرونِ ملک منتقل ہوتے وقت ان کے کاروباری اور سرمایہ جاتی اثاثوں پر غیر محسوس شدہ منافع (unrealised gains) پر لاگو ہوگا۔ وزیر خزانہ ریچل ریوز کے زیرِ غور یہ مجوزہ ’’سیٹلنگ اپ چارج‘‘ برطانیہ کو دیگر G7 ممالک کے مطابق لے آئے گا، جہاں زیادہ تر ممالک پہلے ہی اس نوعیت کے ٹیکس نافذ کر چکے ہیں۔ اس اقدام سے تقریباً دو ارب پاؤنڈ کی اضافی آمدن متوقع ہے۔ فی الحال برطانوی شہری ملک چھوڑنے کے بعد اپنی مقامی جائیدادیں فروخت کر کے کیپیٹل گینز ٹیکس (CGT) سے بچ سکتے ہیں، تاہم نئی تجویز کے تحت انہیں روانگی کے وقت ہی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ معیشت دانوں کے مطابق حکومت بڑھتے قرضوں اور کمزور معیشت کے پیش نظر محصولات میں خاطر خواہ اضافہ چاہتی ہے۔