کراچی (رپورٹ/ اخترعلی اختر) ورلڈ کلچر فیسٹیول میں فرانس اور بلجیم کے موسیقاروں نے شائقین موسیقی کے دل جیت لئے، ڈانس نائٹ کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا۔ فیسٹیول میں راحت فتح علی خان پرفارم کرینگے، جس میں شہریوں کی شرکت مفت ہوگی، عالمی کلچر فیسٹیول کا میڈیا پارٹنر جیو نیٹ ورک ہے،7دسمبر تک رنگ و نور کی برسات ہوتی رہے گی۔تفصیلات کے مطابق آرٹس کونسل کے تحت منعقدہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کی رونقوں میں زبردست اضافہ، پوری آب و تاب سے جاری، فیسٹیول کے تیسرے روز کا آغاز اوپن مائیک سے کیاگیا، فیسٹیول میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے آرٹسٹوں کی تخلیقات، تجربات، ڈانس ، میوزک ، تھیٹر ، فائن آرٹ سمیت مختلف ثقافتی پہلوؤں پر گفتگو کی گئی جس میں کانگو، بی بی گروپ، فرانس، سیریا، بیلجیم،رومانیہ، کوسووو سمیت مختلف ممالک کے فنکاروں نے اپنے ملک کی ثقافت کے بارے میں گفتگو کی۔ آرٹیفیشنل انٹیلی جنس (AI) کے نقصانات اور فائدے پر بھی بات چیت کی گئی، نشست میں فنکاروں نے آرٹ کو پوری دنیا سے جوڑنے کا ذریعہ بتایا، کونگو سے آئے اسٹریٹ ڈانسرز نے کہاکہ جب ہم پاکستان آنے لگے تو لوگوں نے کہاکہ وہاں کیوں جارہے ہو، مگر پاکستان آکر اندازہ ہوا ہمارا فیصلہ درست تھا، یہاں نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے آرٹسٹوں سے مل کر بہت خوشی ہورہی ہے ، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ ورلڈ کلچر فیسٹیول ہم نے نوجوانوں کیلئے شروع کیا ہے، ہم اپنے شہر کو خوش دیکھنا چاہتے ہیں، ہم روزانہ 4بجے فلمیں دکھاتے ہیں عوام فری رجسٹریشن کے ذریعے اس میں شرکت کرسکتے ہیں، پوری دنیا سے مصوری، تھیٹر، میوزک، ڈانس کے فنکاروں کو تم سے ملانے لایا ہوں، 40دن تک فیسٹیول کے ذریعے کراچی شہر کی رونقیں مزید بحال رکھیں گے، ہم پاکستان اور اس کے جھنڈے کیلئے کام کرتے ہیں، ورلڈ کلچر فیسٹیول میں راحت فتح علی خان پرفارم کرینگے جس میں شہریوں کی شرکت مفت ہوگی۔