دنیا کا سب سے طویل نام رکھنے والے ایک آسٹریلوی شہری لارنس واٹکنز نے اپنا مکمل نام پڑھ کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان کے نام میں 2 ہزار سے زیادہ درمیانی نام شامل ہیں اور انہیں یہ پورا نام پڑھنے میں ایک گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا۔
لارنس واٹکنز نے مارچ 1990ء میں قانونی طور پر اپنا نام تبدیل کروایا تھا تاکہ اس میں 2 ہزار 251 درمیانی نام شامل کیے جا سکیں، اس اقدام کے ذریعے انہوں نے 2 ہزار 253 منفرد الفاظ پر مشتمل دنیا کا سب سے طویل نام رکھنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
واٹکنز نے بتایا کہ میری شادی کی تقریب میں نکاح خواں کو میرا پورا نام پڑھنے میں تقریباً 20 منٹ لگے تھے، تاہم گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ایک ویڈیو کے لیے میں نے خود یہ کارنامہ انجام دینے کی کوشش کی اور انہیں اس کے لیے ایک گھنٹے سے زیادہ کا وقت درکار ہوا۔
ان کا نام لارنس ایلون ایلوئس ایلوئسیئس ایلفیج ایلون الوریڈ الوِن الیسینڈر ایمبی ایمبروز ایمبروسیئس ایمیاس ایمیوٹ ایمیاس اینڈرس آندرے آندریا آندریاس اینڈری اینیئرن انگوش آنلیف سے شروع ہوتا ہے اور یہ صرف حرف اے سے شروع ہونے والے ناموں کی ایک جھلک ہے۔
انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ مجھے ہمیشہ ان عجیب و غریب ریکارڈز میں دلچسپی رہی ہے جو لوگ بناتے ہیں اور میں بھی اس دنیا کا حصہ بننا چاہتا تھا، میں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی کتاب پوری پڑھی تاکہ دیکھ سکوں کہ میں کون سا ریکارڈ توڑ سکتا ہوں اور یہی واحد موقع تھا کہ میں زیادہ نام رکھ کر کسی سے آگے نکل سکتا تھا اور واحد ریکارڈ جو میں توڑ سکتا تھا وہ موجودہ ریکارڈ ہولڈر سے زیادہ نام شامل کرنے کا تھا۔
واٹکنز نے بتایا کہ اس عمل میں بہت ساری کاغذی کارروائی اور عدالت کے کئی چکر شامل تھے، میرے نام کی کامیابی سے تبدیلی کے بعد نئے قوانین منظور کیے گئے جنہوں نے دوسروں کو ان کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کرنے سے روک دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرا سب سے پسندیدہ نام AZ2000 ہے جس کا مطلب ہے کہ میرے پاس اے سے زیڈ تک 2000 نام ہیں۔