لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ سرکاری خزانے سے ٹیکس چوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔سسٹم میں بدعنوانیوں کے خاتمے اور ٹیکس نیٹ کے پھیلاؤ کے لیے انفورسمنٹ افسران کے ساتھ پیرا فورس کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز پنجاب ریونیو اتھارٹی کے دورہ کے موقع پر چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا سے ملاقات کے دوران کیا ۔ملاقات میں ٹیکس سسٹم کے اصلاحاتی ایجنڈے میں ہونے والی پیش رفت، مجوزہ قانونی ترامیم، اور انفورسمنٹ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ اتھارٹی کے تحت انفورسمنٹ ٹیموں کا دائرہ کار مزید بڑھایا جا رہا ہے تاکہ ٹیکس وصولیوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔