• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کی فیڈ ملز میں گندم کے استعمال پر عائد پابندی میں 30 روز کی توسیع

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کی فیلڈ ملز میں گندم کو مرغیوں کے دانے میں استعمال کرنے پر عائد پابندی میں دفعہ 144 کے تحت ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ انسانی استعمال کیلئے گندم، آٹے اور روٹی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے کیا گیا۔ حکمنامے کے مطابق گندم صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کیلئے استعمال ہو گی اور گندم کے فیلڈ ملز میں استعمال پر گزشتہ ماہ لگائی گئی پابندی میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے صوبے میں گندم کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیشِ نظر یہ اہم فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں فیڈ ملز کے پاس 1 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم کا ذخیرہ موجود تھا۔ سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ کی رپورٹ کے مطابق فیڈ ملز اس بڑی مقدار میں گندم کو مرغیوں کے دانے کیلئے استعمال کرنے والی تھیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق گندم انسانوں کی بنیادی خوراک ہے جسے مرغیوں کے دانے کی بجائے آٹے کی تیاری میں استعمال ہونا چاہیے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں فیڈ ملز پر مزید 30 روز کیلئے گندم کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت پابندی عائد کی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق سوموار یکم دسمبر تک ہوگا۔ عوام الناس کی آگاہی کیلئے حکمنامے کی سرکاری گزٹ، اخبارات و ذرائع ابلاغ کے زریعے بھرپور تشہیر کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
لاہور سے مزید