• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ مواصلات و تعمیرات میں فنی مہارت اور آپریشنل استعداد کار بڑھانے سے متعلق اجلاس کا انعقاد

پشاور(صباح نیوز) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات میں فنی مہارت اور آپریشنل استعداد کار بڑھانے کے لئے سٹریٹجک پلاننگ ڈیزائن اینڈ سپروژن یونٹ (ایس پی ڈی ایس یو) کے قیام سے متعلق ایک اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات سمیت دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پراجلاس کو بتایا گیا کہ سٹریٹجک پلاننگ ڈیزائن اینڈ سپروژن یونٹ کا فریم ورک تیار کرلیا گیا ہے جو تعمیرات کے شعبے میں کام کے معیار اور منصوبہ بندی میں بہتری لائے گا۔ سٹریٹجک پلاننگ ڈیزائن اینڈ سپروژن یونٹ کے قیام کا مقصد منصوبوں کی لاگت میں کمی، کم وقت میں معیاری تعمیرات، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ماہرین کی خدمات سے استفادہ حاصل کرنا ہے۔ اسٹریٹجک پلاننگ ڈیزائن اینڈ سپروژن یونٹ حکومت خیبرپختونخوا کے گڈ گورننس روڈ میپ کے اہداف کا حصہ ہے۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ادارہ جاتی اصلاحات حکومت خیبرپختونخوا کے گڈ گورننس روڈمیپ کا اہم جزو ہیں۔اس موقع پرچیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ حکومت خیبرپختونخوا جدید دور کے تقاضوں کے مطابق محکموں کی استعداد کار میں اضافہ کرکے عوامی خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنارہی ہے۔ صوبے کی ترقی اور انفراسٹرکچر میں بہتری لانے میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اصلاحات کی بدولت ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے پیش رفت ممکن ہوسکے گی۔
پشاور سے مزید