لاہور(خالدمحمودخالد) بھارت بھر میں ڈرونز کے ذریعے اسمگلنگ، غیر قانونی نگرانی اور حساس علاقوں کی فوٹیج بنانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد ہالینڈ اور فرانس کی طرز پر بھارتی سکیورٹی اداروں نے اسکائی گارڈز اسکواڈ کے نام سے ایک خصوصی یونٹ قائم کیا ہے جس میں عقابوں اور دیگر شکاری پرندوں کو ڈرون گرانے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق ان پرندوں کو اس انداز میں تربیت دی جارہی ہے کہ وہ فضا میں اڑتے ہوئے مشتبہ ڈرونز کو پہچان سکیں اور ان پر جھپٹ کر انہیں زمین پر گرا سکیں۔ اس ٹیم کا مقصد صرف ڈرونز کو گرانا ہی نہیں بلکہ ان کے ماخذ کا سراغ لگانا بھی ہے۔تربیت کے دوران پرندوں کی حفاظت کیلئے ان کو حفاظتی آلات فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ وہ ڈرون کے گھومتے پروپیلرز سے زخمی نہ ہوں۔ حکام کے مطابق یہ طریقہ کار نسبتاً کم لاگت اور فوری ردعمل فراہم کرتا ہے خاص طور پر ان مقامات پر جہاں الیکٹرانک جیمرز یا دیگر پیچیدہ آلات مؤثر نہیں ہوتے۔ دریں اثنا ماہرینِ حیاتیات نے خبردار کیا ہے کہ اس منصوبے میں پرندوں کی حفاظت کو یقینی بنانا نہایت ضروری ہے تاکہ انہیں کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ہالینڈ اور فرانس میں بھی ڈرون گرانے کے لئے عقابوں کو تربیت دینے کے تجربات کئے گئے تھے تاہم بعد میں حیوانی تحفظ سے متعلق خدشات کے باعث یہ پروگرام محدود کر دیئے گئے۔