پشاور(نیوز رپورٹر) پشاورہائیکورٹ میں ایف آئی اے کی جانب سے صدیق انجم کیس میں فریق بننے کیلئے مدعی مقدمہ نے ضمنی درخواست دائر کردی ہے جبکہ عدالت نے درخواست گزار کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 11نومبرتک ملتوی کردی ہے۔جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اورجسٹس انعام اللہ خان پر مشتمل بنچ نے امجد حسن تنولی ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر درخوسست پر سماعت کی۔ درخواست گزار احمد صدیق خان نے رٹ میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے ڈائریکٹر انٹی کرپشن خیبر پختونخوا صدیق انجم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں شکایت کنندہ ہوں تاہم مجھے کیس میں فریق نہیں بنایا گیا جبکہ ملزم عدالتوں سے حقائق چھپاتے ہوئے مختلف عدالتوں سے ریلیف حاصل کررہا ہے جس کی وجہ سے اسے مسائل کا سامناہے ۔انہوں نے بتایاکہ ملزم صدیق انجم کی بی بی اے اور ایف آئی آر منسوخی کی درخواستیں بھی متعلقہ عدالتوں نے خارج کی ہے تاہم یہ حقائق عدالت سے چھپائے گئے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ د رخواست گزار کا نام بھی میں رٹ پٹیشن میں فریق کے طور پر شامل کرنے کا حکم دیاجائے۔ واضح رہے کہ سیشن جج اسلام آباد ہمایون دلاور جنہوں نے تحریک انصاف بانی عمران خان کو سزاسنائی تھی، ان کی سوشل میڈیا پر تضحیک آمیزمواد شیئر کرنے پر ایف آئی اے نے ایف آئی آر درج کررکھی ہے جس میں عمران ریاض ودیگرملزمان بھی نامزد ہیں۔