پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار علی طاہر نے والد کو گردے کے کینسر کی تشخیص ہونے کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔
علی طاہر نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کے انتہائی پریشان کن لمحے کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ 2006ء میں میرے والد کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور یہ خبر ہمیں مغرب کے وقت ملی تھی اور آپ تصور کر سکتے ہیں کہ یہ خبر سننے کے بعد کھانے کی میز کا کیسا منظر ہوگا۔
اداکار نے مزید بتایا کہ ہمارے والد کی یہ خوبی ہے کہ وہ اس طرح کی بیماریوں کا ہمت کے ساتھ سامنا کرتے ہیں اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اگلے دو دن میں سرجری کروا لیں گے۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے وہ مشکل وقت آج بھی یاد ہے، ہمارے ذہن میں یہ خیال بھی آ رہا تھا کہ یہ ہمارا والد کے ساتھ آخری ڈنر ہو سکتا ہے لیکن شکر ہے آپریشن کامیاب رہا اور والد کا ایک گردہ نکال دیا گیا۔
علی طاہر نے بتایا کہ میں کینسر سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے ناظرین کو وہ علامات بتا سکتا ہوں جن کے ظاہر ہونے کے بعد کینسر کی تشخیص ہوئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ والد کو کسی قسم کی کوئی تکلیف یا درد محسوس نہیں ہوا بس صرف پیشاب میں خون آیا تھا والد کو اسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹر نے کہا کہ اگر مریض کو کسی قسم کا کوئی درد محسوس نہیں ہو رہا تو ان کا فوراََ چیک اپ کرنا پڑے گا کیونکہ یہ کینسر کی علامت ہو سکتی ہے۔
اداکار نے یہ مزید بتایا کہ جب والد کا چیک اپ ہوا تو ڈاکٹر کا شک صحیح نکالا والد کے گردے میں کینسر تھا لیکن شکر ہے کہ وہ اب بالکل ٹھیک ہیں۔