• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دل کے مریضوں کیلئے نئی امید، وٹامن ڈی خوراک سے ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اگر وٹامن ڈی کی خوراک مریض کی ضرورت کے مطابق متعین کی جائے تو یہ دل کے امراض میں مبتلا افراد میں ہارٹ اٹیک کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کر سکتی ہے۔

یہ تحقیق امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی کانفرنس میں پیش کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا کہ حسبِ ضرورت وٹامن ڈی تھراپی سے دل کے دورے کے امکانات 52 فیصد تک کم ہوئے۔

تحقیق انٹرماؤنٹین میڈیکل سینٹر میں اپریل 2017 سے مئی 2023 تک کی گئی، جس میں 630 بالغ مریض شامل تھے جنہیں پہلے سے دل کے امراض لاحق تھے۔

مریضوں کی اوسط عمر 63 سال تھی اور بیشتر کے وٹامن ڈی لیول 40 نینو گرام فی ملی لیٹر سے کم تھے، جو صحت کے لیے ناکافی تصور کیا جاتا ہے۔

تحقیقی ٹیم نے شرکاء کے خون میں وٹامن ڈی کی سطح باقاعدگی سے مانیٹر کی اور خوراک کو انفرادی ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کیا۔

تحقیق میں مریضوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا، ایک گروپ کو 40 تا 80 نینو گرام فی ملی لیٹر کی سطح برقرار رکھنے کے لیے حسبِ ضرورت وٹامن ڈی خوراک دی گئی، دوسرا گروپ معمول کی معیاری طبی نگہداشت حاصل کرتا رہا۔

مطالعے کے دوران 107 بڑے دل کے واقعات ریکارڈ کیے گئے، نتائج کے مطابق کنٹرول گروپ میں 18 فیصد جبکہ وٹامن ڈی گروپ میں صرف 16 فیصد مریضوں کو دل کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

ماہرین نے کہا کہ اگرچہ نتائج حوصلہ افزا ہیں، مگر حتمی نتیجے تک پہنچنے کے لیے مزید تحقیق ضروری ہے۔

یہ تحقیق تاحال ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس کے نتائج کسی سائنسی جریدے میں اشاعت کے بعد ہی حتمی تصور کیے جائیں گے۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

صحت سے مزید