معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر اور اداکار دیپک پروانی ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے کے باوجود پاکستانی میڈیا انڈسٹری میں اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں، انہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی اور اداکاری کے تجربات پر کھل کر بات کی ہے۔
دیپک پروانی متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری سے پہچان بنا چکے ہیں، اس وقت ڈرامہ جمع تقسیم میں اپنی شاندار کارکردگی کے باعث توجہ حاصل کر رہے ہیں، وہ ہر کردار میں اپنی موجودگی کا مضبوط تاثر چھوڑتے ہیں۔
دیپک پروانی نے ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے مشترکہ خاندانی نظام میں پروان چڑھنے اور مسجد میں فلم بندی کے تجربے پر کھل کر بات کی۔
بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ میں نے بچپن مشترکہ خاندانی نظام میں گزارا، ہم میرپورخاص میں رہتے تھے، پھر کراچی شفٹ ہوئے، وہ مکمل جوائنٹ فیملی تھی جہاں میری دادی ہر چیز خود پکاتی تھیں، ہم نے وہ وقت بہت انجوائے کیا، بعد میں وراثت کی تقسیم کے بعد سب الگ ہوگئے، بچوں کے لیے جوائنٹ فیملی بہت مزے کی ہوتی ہے۔
اداکاری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ مسجد میں فلمبندی کے دوران مجھے کچھ جھجھک محسوس ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ سین ایسے تھے جنہیں کرنے میں مجھے تھوڑی جھجھک ہوئی، ان میں سے ایک سین مسجد میں شوٹ ہوا ہے جو جلد نشر ہوگا، میں نے پہلے کبھی ایسے سین نہیں کیے تھے، حتیٰ کہ اسلامی اصطلاحات بھی مشکل تھیں، جیسے تجوید لیکن ایکٹر کی رینج کا حصہ ہے کہ جب کردار لیں تو اسے پورا نبھائیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیم نے جب پوچھا کہ کیا میں یہ سین کر پاؤں گا؟ تو میں نے کہا کہ ہاں، کیونکہ ایکٹر ہونے کے ناطے میرا کام ہے کہ ہر کردار پوری محنت سے ادا کروں۔