ملتان (سٹاف رپورٹر) شہرِ اولیا میں ’’خیر کا سفر‘‘ کے عنوان سے فلاحی مہم کا آغاز کر دیا گیا ۔ جنرل بس اسٹینڈ پر نادار، دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کیلئے بلا معاوضہ گرم کپڑے فراہم کرنے کے اس منصوبے کا افتتاح کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کیا افتتاحی تقریب میں ملتان، لودھران اور خانیوال کے ڈپٹی کمشنر سمیت سیاسی شخصیات ڈاکٹر اختر ملک، حاجی جاوید اختر انصاری سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مخیر حضرات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔کمشنر عامر کریم خاں نے نادار خواتین و مردوں میں گرم جیکٹس، شالیں اور جرسیاں تقسیم کیں۔ منصوبے کے تحت مستحق افراد کو بلا تفریق روزانہ گرم کپڑے بلا معاوضہ فراہم کیے جائینگے فلاحی بازار کا مقصد غریب اور مزدور طبقے کو شدید سرد موسم میں فوری ریلیف فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی روز مرہ کی محدود آمدن کو دیگر ضروریات پر خرچ کر سکیں کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے انسانیت دوستی کے وژن کو آج عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’خیر کا سفر‘‘ بازار سے مفت کپڑے ملنے سے دیہاڑی دار طبقہ سرد موسم کی شدت سے محفوظ رہے گا اور حقیقی ریلیف حاصل کرے گا۔