عالمی چیمپئن محمد آصف اور رانا عرفان محمود نے ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے لاسٹ 16راؤنڈ میں جگہ بنالی۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے تیسرے دن رانا عرفان محمود نے ایک دن میں دو میچز جیت کر لاسٹ 16 میں رسائی حاصل کی۔
انہوں نے گزشتہ روز پہلے میچ میں یو اے ای کے محمد شہاب کو ایک کے مقابلے میں چار فریمز سے شکست دی، جہاں ان کی جیت کا اسکور ان کے حق میں 22-85، 4-82، 91-25، 41-49 اور 12-63 رہا، رانا عرفان نے 85 اور 52 کے عمدہ بریک بھی کھیلے۔
سابق عالمی چیمپئن محمد آصف نے ٹام یون فنگ (ہانگ کانگ) کو ایک، چار سے قابو کرکے لاسٹ 16 راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ان کی جیت کا اسکور 8-73، 01-71، 28-88، 71-20 اور 12-63 رہا۔ اس دوران انہوں نے 73 کا عمدہ بریک بھی کھیلا۔ قومی چیمپئن شپ کے رنرز اپ رانا عرفان محمود نے اپنے دوسرے میچ میں محمد وفی (ملائیشیا) کے 0 - 4 کے خلاف آؤٹ کلاس فتح حاصل کی۔
ان کی جیت کا اسکور 22-77، 45-78، 8-94 اور 0-77 رہا، جس میں انہوں نے 76 اور 75 کے شاندار بریک بھی کھیلے۔