بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا اور ماڈل ماہیکا شرما کی تازہ تصاویر کے بعد انٹرنیٹ پر خفیہ منگنی کی افواہوں نے زور پکڑلیا۔
32 سالہ ہاردک پانڈیا نے اپنے انسٹاگرام پر متعدد خوبصورت تصاویر شیئر کیں، ان تصاویر میں ماہیکا شرما کے ہاتھ میں موجود چمکتی ہوئی ڈائمنڈ کی انگوٹھی فوراً مداحوں کی نظر میں آ گئی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں کی خفیہ منگنی کی چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔
شیئر کردہ پوسٹ میں ایک مختصر ویڈیو بھی شامل تھی جس میں دونوں گھر میں مذہبی رسومات ادا کرتے نظر آئے، روایتی ملبوسات میں یہ جوڑی خوشگوار اور پُروقار دکھائی دے رہی تھی، تاہم سب کی توجہ ایک بار پھر ماہیکا کے ہاتھ میں موجود وہی انگوٹھی کھینچ رہی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین کا ماننا ہے کہ دونوں اپنی خفیہ منگنی کے بعد پوجا کر رہے ہیں۔
یاد رہے ہاردک پانڈیا کی سابقہ شادی اداکارہ نتاشا اسٹانکویچ سے ہوئی تھی۔ دونوں نے 2020 میں شادی کی تھی، تاہم گزشتہ سال انہوں نے علیحدگی کا اعلان کیا اور اسے اپنے لیے بہترین فیصلہ قرار دیا۔
دونوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ وہ اپنے بیٹے اگستیہ کی مشترکہ پرورش کو ترجیح دیتے رہیں گے۔