• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورے کیریئر میں اتنا پیسہ نہیں کمایا جتنا یوٹیوب سے ملا: فرح خان کا انکشاف

فرح خان—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
فرح خان—تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بالی ووڈ کوریوگرافر اور فلم ساز فرح خان اور ان کے یوٹیوب ویڈیو بلاگز غیر معمولی طور پر مقبول ہیں، یہاں تک کہ ان کے خانساماں دلیپ بھی ان ویڈیوز میں آنے کے بعد ایک جانی پہچانی شخصیت بن گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں فرح خان نے یوٹیوب ویڈیو بلاگنگ سے اپنی بڑے پیمانے پر ہونے والی آمدنی کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔

سوہا علی خان کے انٹرنیٹ ریڈیو شو پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران فرح خان نے انکشاف کیا کہ اپنی ٹیم کے مسلسل اصرار کے بعد میں اپنا یوٹیوب چینل شروع کرنے پر راضی ہوئی اور چاہتی تھی کہ یہ چینل کھانے سے متعلق ہو۔

اپنی بڑے پیمانے پر ہونے والی کمائی کے بارے میں فرح خان نے بتایا کہ شاید میں نے اپنے پورے کیریئر میں یہاں تک کہ اتنی ساری فلموں کی ہدایت کاری کرنے کے باوجود بھی ایک سال میں اتنا پیسہ نہیں کمایا جتنا یہاں سے کمایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرا چینل ہے اس لیے نہ تو کوئی آن لائن ویڈیو دیکھنے کا پلیٹ فارم یا پروڈکشن ہاؤس مجھے کہہ رہا ہے کہ یہ سین تو کاٹنا ہی پڑے گا اور نہ ہی کوئی ٹی وی چینل یہ کہہ رہا ہے کہ آپ صرف اسی مہمان کو لا سکتے ہیں، مجھے اس تفریق سے نفرت ہے کہ ایک کو صفِ اوّل کا اسٹار کہا جاتا ہے اور دوسرے کو گھٹیا سمجھا جاتا ہے۔

فرح خان کو پہلے ہی اپنے یوٹیوب چینل کا سلور پلے بٹن کا اعزاز مل چکا ہے۔

انہوں نے فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کے بعد سے 11 سال میں کسی فلم کی ہدایت کاری نہیں کی، فرح نے یوٹیوب پر چینل بنانے کے اپنے فیصلے کے بارے میں بتایا کہ میں نے اپریل 2024ء میں ویڈیوز پوسٹ کرنا شروع کیں جن کی شروعات میرے اور میرے خانساماں دلیپ کی کھانا پکانے کی ویڈیوز سے ہوئی جو تیزی سے مقبول ہوئیں اور ایک وسیع پیمانے پر دیکھی جانے والی سیریز بن گئیں، اب میرے یوٹیوب پر تقریباً 3 ملین اور انسٹاگرام پر 4.5 ملین فالوورز ہیں۔

کاجول اور ٹوئنکل کے شو میں 60 سالہ فرح خان نے بتایا تھا کہ انہیں یوٹیوب کا سفر شروع کرنے کی ترغیب کہاں سے ملی تھی۔

فرح کا کہنا تھا کہ جب میری کوئی فلم نہیں بن رہی تھی اورکسی فلم کی ہدایت کاری بھی نہیں کر رہی تھی تو میں نے سوچا کہ چلو یوٹیوب پر چینل بنا لیتی ہوں، میرے 3 بچے یونیورسٹی جا رہے ہیں اور ان کی تعلیم کا خرچہ بہت زیادہ ہوتا ہے، تو میں نے بس مذاق میں کہا کہ ایک شو شروع کرتی ہوں اور وہ چل نکلا۔

فرح خان نے ’میں ہوں نا’، ’اوم شانتی اوم‘ اور ’تیس مار خان‘ جیسی فلموں کی ہدایت کاری سے شہرت حاصل کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید