• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈو پیسیفک فورم میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی کشمیریوں کی حمایت قابلِ ستائش ہے: علی رضا سید

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید—فائل فوٹو
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید—فائل فوٹو

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ انڈو پیسفیک کے وزارتی فورم سے خطاب کے دوران نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کھل کر کشمیر پر بات کی ہے اور یہ واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔

علی رضا سید کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار جو اس وقت برسلز کے سرکاری دورے پر ہیں، انہوں نے چوتھے یورپی یونین انڈو پیسیفک وزارتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دہائیوں پرانے مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن حاصل نہیں کیا جا سکتا، یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے، نائب صدر برائے خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی مس کایا کالس نے سینیٹر اسحاق ڈار کو پاکستان ای یو اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں اجلاس کی شریک صدارت کے لیے بھی مدعو کیا تھا۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے اسحاق ڈار کے کشمیر کے حوالے سے بیان پر مثبت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر اسحاق ڈار نے انڈو پیسیفک کے وزارتی فورم سے 70 ممالک کے نمائندوں کی موجودگی میں کھل کر مسئلہ کشمیر پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر اسحاق ڈار نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، اس وقت تک جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن برقرار نہیں ہو سکتا، اسحاق ڈار نے کشمیر کے حوالے سے سچائی پر مبنی مؤقف پیش کیا ہے اور کشمیریوں کے حقوق کا دفاع کیا ہے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ اسحاق ڈار کے انڈو پیسفیک اجلاس سے خطاب کا گہرا اثر پڑے گا اور اس طرح دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کی حقیقت ایک بار پھر آشکار ہو گی، بھارت کے کشمیریوں پر مظالم دن بدن بڑھ رہے ہیں اور دنیا نے بھارت کے ظلم و ستم کے بارے میں جاننا شروع کر دیا ہے۔

علی رضا سید نے زور دے کر کہا کہ جنوبی ایشیاء میں اصل مسئلہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور دہائیوں سے التواء میں پڑا ہوا کشمیر کا تنازع ہے، کشمیریوں پر بھارتی ظلم و جبر بھارتی ریاستی دہشت گردی ہے اور بھارت کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے سے انکار کررہا ہے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے مابین کوئی دو طرفہ معاملہ یا علاقائی تنازع نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ مسئلہ ہے، دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ بھارت نے کشمیری عوام سے حق خودارادیت کا وعدہ کیا تھا، جو آج تک پورا نہیں کیا گیا، اس مسئلے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اپنے وعدے کو پورا کرے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا احترام کرے۔

علی رضا سید نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کئی سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو جبراً نظربند یا قید کیا گیا ہے، جبکہ انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور ان میں سے بھی متعدد زیرحراست ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ کشمیر پرامن طریقے سے اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق جلد از جلد حل ہونا چاہیے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید