لندن( جنگ نیوز )حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جین زی (نوجوان نسل) پاس ورڈ کے معاملے میں اپنے بزرگوں سے بھی پیچھے اور بدترین عادات کی حامل ہیں۔نوجوان نسل کو ڈیجیٹل ہونے پر سائبر سیکیورٹی میں ماہر سمجھا جاتا تھا مگر تحقیق نے یہ غلط فہمی دور کردی۔ پاس ورڈ مینیج کرنے والی آن لائن فرم نورڈ پاس کی جانب سے کی جانے والی سیکیورٹی کی عادات سے متعلق حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جین زی ( 1997 کے بعد پیدا ہونے والے افراد) پاس ورڈ کے استعمال کے معاملے میں گزشتہ تمام نسلوں سے زیادہ کمزور ہیں۔پاس ورڈ مینیجر نورڈ پاس کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ جین زی میں سب سے مقبول پاس ورڈ 12345 ہے، جبکہ حیران کن طور پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والے پاس ورڈز میں لفظ پاس ورڈ 5ویں اور اسکیبیڈی 7ویں نمبر پر ہے۔اس کے برعکس بیبی بومرز ( 1946 سے 1964 میں پیدا ہونے والے افراد ) میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا پاس ورڈ 123456 تھا، جو جین زی میں سب سے مقبول پاس ورڈ سے تھوڑا زیادہ محفوظ ہے۔ یہی پاس ورڈ میلینیلز اور جنریشن ایکس میں بھی سب سے زیادہ مقبول رہا۔