پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) انسٹی ٹیوٹ آف پیتھالوجی اینڈ ڈائیگناسٹک میڈیسن( آئی پی ڈی ایم) میں اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس (اے ایم آر) آگہی ہفتے کے سلسلے میں کانفرنس منعقد کی گئی جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات، محققین، اساتذہ اور معالجین نے شرکت کی جبکہ ایچ ایم سی، کے ٹی ایچ، آئی بی ایم ایس، آئی این ایس، آئی پی ایس، اے ایچ ایس سمیت امراضِ خون اور پیتھالوجی کے شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے خطاب کیا۔ مقررین نے اینٹی بائیوٹکس کے بے جا، غیر ضروری اور حد سے زیادہ استعمال کی روک تھام اور ذمہ دارانہ اینٹی مائیکروبیل طرزِ عمل کے فروغ کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ مائیکرو بیالوجی کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ رحمان نے اس کانفرنس کی سرپرستِ اعلیٰ کے طور پر فرائض سرانجام دیئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز تھے جبکہ توقیر علی شاہ نے بطوراعزازی مہمان شرکت کی۔ ڈاکٹر شفقت ایاز نے اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کو قومی و بین الاقوامی سطح پر ایک سنگین صحت عامہ کے چیلنج کے طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی بائیوٹکس کا محتاط اور ذمہ دارانہ استعمال اب ایک اجتماعی ذمہ داری بن چکا ہے۔