• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں دوسرا بین الاقوامی باکسنگ ایونٹ، محمد وسیم منتظمین کے مشکور

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

لاہور میں ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا، انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ 29 نومبر تک جناح اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگی۔

باکسنگ چیمپئن شپ میں 15 ممالک کے 44 پروفیشنل باکسرز شریک ہو رہے ہیں، ایونٹ میں 6 پاکستانی اور 38 بین الاقوامی باکسرز ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گے۔

ایونٹ میں مریکا، برطانیہ، جرمنی، کوریا، آسٹریلیا، آئرلینڈ اور مراکش سے باکسرز اور آفیشلز کی آمد جاری ہے۔ علاوہ ازیں فلپائن، نیدرلینڈز، بینن، گھانا اور فرانس سمیت دیگر ممالک سے بھی باکسرز اور آفیشلز شرکت کر رہے ہیں۔

غیرملکی باکسرز نے پاکستان میں انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی باکسرز عالمی سطح پر اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔

وزیر کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل باکسرز کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، باکسنگ چیمپئن شپ سے کھیل کو فروغ ملے گا۔

اس موقع پر کھلاڑی رائے جون جونیئر نے کہا کہ کھیل کا مقصد لوگوں میں محبت پیدا کرنا ہے، لوگ آئیں اور اچھے مقابلوں سے لطف اندوز ہوں۔

باکسر کرس گلوور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں باکسنگ کا ایونٹ ہونا زبردست ہے کئی باصلاحیت باکسر سامنے آئے ہیں، ایونٹ سے محمد وسیم سمیت پاکستان کے باکسرز کو اسٹرنتھ دکھانے کا موقع ملے گا۔

پریس کانفرنس میں انٹرنیشنل باکسر محمد وسیم نے کہا کہ سب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ایونٹ کروانے میں اپنا حصہ ڈالا، میں اپنی فائٹ کےلیے تیار ہوں، 29 نومبر کو اچھا مقابلہ ہوگا۔

باکسر محمد وسیم نے کہا کہ میں نے اپنی اسکلز دکھانی ہیں اور خود کو بہتر ثابت کرنا ہے، مجھے فخر ہے کہ میں نے ساری زندگی باکسنگ کے لیے گزاری ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید