معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی سیاست میں انٹری دینے سے متعلق بالآخر خاموشی توڑ دی۔
ماہرہ خان نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کے دوران اپنی ذاتی زندگی، فلم نیلوفر، پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی اور سیاست میں آنے سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں اپنی رومانوی فلم نیلوفر کے لیے بہت پُرجوش ہوں، شوبز کا سفر میرے لیے سیکھنے اور شکرگزاری سے بھرپور رہا ہے۔
بھارت میں کام کرنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے ماہرہ نے ایک بار پھر شاہ رخ خان کی تعریف کی اور کہا کہ میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ اتنے بڑے اسٹار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کے بارے میں جتنا کچھ کہنا تھا، وہ سب کہہ چکی ہوں، باقی باتیں ذاتی نوعیت کی ہیں جنہیں میں عوام کے ساتھ شیئر نہیں کرنا چاہتی۔
ایک سوال کے جواب میں ماہرہ خان نے کہا کہ مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان کی حمایت میں بولنا میرا فرض بھی تھا اور جذبہ بھی۔
انہوں نے کہا کہ میرے بیان سے بھارتی مداحوں میں کچھ ناراضی پیدا ہوئی ہوگی، مگر مجھے اس پر کوئی افسوس نہیں کیونکہ میں اپنے ملک پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرسکتی۔
ماہرہ نے کہا کہ جیسے بھارتی اپنے وطن کو مقدم رکھتے ہیں، ویسے ہی پاکستان میرے لیے سب سے اہم ہے، خاص طور پر مشکل حالات میں۔
سیاست میں آنے کے سوال پر ماہرہ نے دوٹوک جواب دیا کہ میری نہ کوئی سیاسی خواہش ہے اور نہ ہی مجھ میں ایسی صلاحیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، نہ میں سیاست کے لیے بنی ہوں، نہ سیاست میرے لیے اور میں اپنی دنیا میں خوش ہوں، جہاں میں صرف اپنے فن پر توجہ دینا چاہتی ہوں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ میں آئندہ بھی اپنے کام پر ہی فوکس کروں گی کیونکہ سیاست میرے راستے کا حصہ نہیں ہے۔