لاہور (خصوصی رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے) وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمٰن نے کہا ہے کہ باصلاحیت اور فعال نوجوان ہمارے ملک کی حقیقی قوت ہیں،حکومت جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی ماحول کی فراہمی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔انہوں نے گزشتہ روز اولڈ سٹوڈنٹس سوسائٹی کے زیر اہتمام ایواڈز 2025ء کی تقریب میں بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فارغ التحصیل طلبہ میں ایواڈز تقسیم کیے ۔ تقریب میں، طلبہ اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اس سکول سسٹم سے فارغ التحصیل نوجوان پاکستان کا فخر ہیں۔ یہ وہ باصلاحیت اور فعال نسل ہے جو اپنے شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھا رہی ہے ۔ ایسے نوجوان ہمارے ملک کی حقیقی قوت ہیں، اور ان کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ معیارِ تعلیم بہتر ہو تو قوم کا مستقبل خود بخود روشن ہوجاتا ہے۔