• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہلیہ شیوان زیلس لے پالک تھیں: ایلون مسک کا انکشاف

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے بتایا ہے کہ اِن کی شریکِ حیات شیوان زیلس بھارتی نژاد اور لے پالک ہیں۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایلون مسک نے انکشاف کیا کہ اِن کے ایک بیٹے کا مڈل نام ’شیکھر‘ ہے، بیٹے کا یہ نام بھارتی نژاد امریکی ماہرِ طبیعات اور نوبیل انعام یافتہ سبراہمین چندر شیکھر کے نام پر رکھا ہے۔

ایلون مسک کے مطابق اِن کی اہلیہ، شیوان زیلس کینیڈا میں پلی بڑھیں۔ شیوان کو بچپن میں ہی گود لے لیا گیا تھا جبکہ اِن کے والد کے بارے میں صرف اتنا معلوم ہے کہ وہ بھارت سے کینیڈا کی کسی یونیورسٹی میں بطور طالبِ علم آئے تھے۔

شیوان زیلس نے 2017ء میں مسک کی کمپنی نیورالنک میں شمولیت اختیار کی تھی جہاں وہ اس وقت ڈائریکٹر آف آپریشنز اور اسپیشل پروجیکٹس کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

ایلون مسک کی اہلیہ شیوان نے ییل یونیورسٹی سے اکنامکس اور فلاسفی میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

مسک اور زیلس کے چار بچے ہیں جن میں جڑواں بیٹے اسٹرائیڈر اور ازورے، بیٹی آرکاڈیا اور بیٹا سیلڈن لائکورگس شامل ہیں۔

بھارتی کاروباری شخصیت نکھل کامتھ کی پوڈکاسٹ ’کامتھ‘ کی تازہ ترین ایپی سوڈ میں انٹویو کے دوران مسک نے کہا کہ امریکا کو بیرونِ ملک سے آنے والے ٹیلنٹ سے ہمیشہ بڑا فائدہ ہوا ہے تاہم اب اس رجحان میں کمی ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

ایلون مسک کا کہنا ہے کہ سخت امریکی ویزا پالیسیوں اور غیر یقینی حالات کے باعث بڑی تعداد میں امیگریشن کے خواہشمند افراد کے لیے امریکی ویزا حاصل کرنے کا خواب مشکل بنتا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید