• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی خاتون پولیس کانسٹیبل کا قتل، عمر قید کی سزا کاٹنے والا پیراں دتہ کا انتقال کینسر سے ہوا

پِیراں دتہ خان۔
پِیراں دتہ خان۔

ویسٹ یارکشائر کی پولیس کانسٹیبل شیرون بشنیوسکی کے قتل کے جرم میں سزا پانے والے 76 سالہ پِیراں دتہ خان کا جیل میں کینسر کے باعث انتقال ہوا۔ اس کی موت سے متعلق انکوائری کی کارروائی ویڈ فیلڈ کورونر کورٹ میں شروع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پِیراں دتہ خان کو مئی 2024 میں لیڈز کراؤن کورٹ نے عمر قید کی سزا سنائی تھی، جس میں کم از کم 40 سال قید گزارنے کا حکم دیا گیا تھا۔ 

پِیراں دتہ خان 2005 میں بریڈفورڈ کے علاقے میں ٹریول ایجنسی پر ہونے والی مسلح ڈکیتی کا ماسٹرمائنڈ تھا، جس کے دوران پی سی شیرون بشنیوسکی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ وہ واقعے کے بعد پاکستان فرار ہو گیا تھا اور تقریباً 15 برس تک مفرور رہا، تاہم 2020 میں گرفتاری کے بعد 2023 میں اسے برطانیہ کے حوالے کیا گیا۔

انکوائری کے دوران اسسٹنٹ کورونر جان ہوبسن نے بتایا کہ خان کو جون 2024 میں پھیپھڑوں کے اسٹیج فور کینسر کی تشخیص ہوئی اور وہ کیموتھراپی کروا رہا تھا۔ 

رواں سال 3 فروری کو اسے فالج جیسی علامات کے باعث پِنڈر فیلڈز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں معلوم ہوا کہ کینسر دماغ تک پھیلا چکا ہے۔ آٹھ روز اسپتال میں رہنے کے بعد اسے جیل کے میڈیکل ونگ منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ خصوصی کئیر میں رہا اور 21 فروری 2025 کو انتقال کرگیا۔

کورونر کے مطابق موت کی وجہ برونکیل نمونیا تھی، جو دماغ میں متعدد شریانوں کے متاثر ہونے اور دائیں پھیپھڑے کے کینسر کے باعث لاحق ہوا تھا۔ مکمل انکوائری آئندہ مقررہ تاریخ پر کی جائے گی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید