آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: کیا کسی بھی انسان کے مرنے کی اطلاع پر "إنّا للّٰه و إنّا إليه راجعُون" پڑھا جاسکتا ہے؟
جواب: کسی بھی مصیبت، صدمے، غم اور آزمائش کے موقع پر "إنّا للّٰه و إنّا إليه راجعُون" پڑھنا مسنون ہے، اور کسی بھی قریبی انسان کی موت کی اطلاع پرچوں کہ صدمہ ہوتا ہے کہ اس لیے اس وقت "إنّا للّٰه و إنّا إليه راجعُون" پڑھنا چاہیے، یہ مسنون ہے۔
اس دعا میں درحقیت انسان اپنے اوپر آنے والی مصیبت اور صدمے پر صبر کا اظہار اور اللہ کی تقدیر و قضا پر سر ِ تسلیم خم کرنے کا اعلان کرتا ہے، ایسے ایمان والوں کی اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں تعریف فرمائی اور انہیں بشارت سنائی ہے، سورۂ بقرہ آیت 53، 54 میں ہے: ”اور (دیکھو) ہم تمہارا امتحان کریں گے کسی قدر خوف سے اور فاقہ سے اور مال اور جان اور پھلوں کی کمی سے اور آپ ایسے صابرین کو بشارت سنا دیجیے ۔(جن کی یہ عادت ہے) کہ ان پر جب کوئی مصیبت پڑتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ"إنّا للّٰه و إنّا إليه راجعْون" (ہم تو (مع مال واولاد حقیقۃً) اللہ تعالیٰ ہی کی ملک ہیں اور ہم سب (دنیا سے) اللہ تعالیٰ ہی کے پاس جانے والے ہیں)۔ ان لوگوں پر (جدا جدا) خاص خاص رحمتیں بھی ان کے پروردگار کی طرف سے ہوں گی اور (سب پر بالاشتراک) عام رحمت بھی ہوگی اور یہی لوگ ہیں جن کی (حقیقت حال) تک رسائی ہوگئی۔“
حضرت حسین بن علی رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”جس مسلمان مرد و عورت کو کوئی مصیبت و صدمہ پہنچے، خواہ کتنا ہی طویل زمانہ گزر جانے کے بعد وہ مصیبت و صدمہ یاد آ جائے اور وہ اس وقت "إنّا للّٰه و إنّا إليه راجعون" پڑھ لے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے ثواب ثابت کر دیتا ہے، چناں چہ اللہ تعالیٰ اسے وہی اجر و ثواب عطا فرماتا ہے جو اس دن عطا کیا گیا تھا جب کہ وہ اس مصیبت و صدمہ سے دوچار ہوا تھا ( اور اس پر صبر کیا تھا) ۔ “(مرقاۃ المفاتيح، کتاب الجنائز، باب البکاء علیٰ الميّت، ج3، ص1254، دار الفکر)
اگر آپ کے سوال کا مقصد ’’کسی بھی انسان کے مرنےکی اطلاع‘‘ سے کافر کی موت کی اطلاع پر "إنّا للّٰه و إنّا إليه راجعُون" پڑھنے کا حکم بھی معلوم کرنا ہے تو اس کا حکم یہ ہے کہ کافر کی موت بھی چوں کہ اپنی موت کی یاد دہانی، آخرت کے منازل و مراحل کی طرف توجہ اور اللہ تعالیٰ کی قدرت و یکتائی کی طرف دھیان کا سبب ہے، اور ان کلمات کا ترجمہ یہ ہے کہ "ہم تو اللہ تعالیٰ ہی ملک ہیں اور ہم سب دنیا سے اللہ تعالیٰ ہی کے پاس جانے والے ہیں۔ "اس لیے غیر مسلم کی موت کی خبر سن کر یہ دعا پڑھنے کی گنجائش ہے۔
اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔
iqra@banuri.edu.pk