آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: میں کئی سالوں سے اپنے گھٹنوں کے مسئلے کی وجہ سے کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھتا ہوں، میرا سوال یہ ہے کہ جماعت کے ساتھ نماز ادا کرتے ہوئے میں قیام کی حالت میں کرسی کے آگے کھڑا ہوں تودیگر نمازیوں کے ساتھ صف میں سیدھا کھڑا نہیں ہوتا، کیا میں اسی طرح کھڑا ہوں یا میں اپنی مکمل نماز کرسی پر بیٹھ کر پڑھوں، میری عمر 71 برس ہے؟
جواب: اگر گھٹنوں میں درد کی وجہ سے آپ زمین پر سجدہ نہیں کرسکتے تو آپ بیٹھ کر نماز پڑھ سکتے ہیں، بہتر یہ ہے کہ زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھیں، اگر زمین پر بیٹھنے کی صورت میں تشہّد میں دو زانو ہو کر بیٹھنا مشکل ہوتو جس طرح سہولت ہو ، مثلاً چار زانو (آلتی پالتی مار کر)، یا پاؤں پھیلا کر جس طرح سہولت ہو بیٹھ سکتے ہیں۔ اگر کرسی پر نماز پڑھتے ہیں تو اس کی بھی گنجائش ہے، اس صورت میں کرسی کا پچھلا پایہ صف کی لکیر پر رکھیں، یوں دیگر نمازیوں سے صف میں آگے نہیں ہوں گے۔
یاد رہے کہ جو شخص زمین پر سجدہ کرنے کی قدرت نہیں رکھتا، اس سے قیام کی فرضیت ساقط ہوجاتی ہے، لہٰذا کرسی پر نماز پڑھے تو اس کے لیے افضل یہ ہے کہ وہ بیٹھ کر ہی نماز ادا کرے، قیام نہ کرے۔ (رد ّالمحتار، کتاب الصّلاۃ، باب صلاۃ المریض 2/ 97 ط: سعید)
اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔
iqra@banuri.edu.pk