نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ ان کی پالیسیاں، ٹیم سلیکشن اور سینئر پلیئرز کے ساتھ رویہ کو سخت ناپسند کیا جارہا ہے۔ سابق کوچ اور کپتان روی شاستری نے انہیں اور سلیکٹر اجیت اگرکار کو مشورہ دیا ہے کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے۔ اگر یہ طرز عمل بند نہ کیا تو وہ اپنے ہی پیر پر کلہاڑی مار لیں گے۔ سابق اسپنر روچندرن ایشون نے بھی گوتم گمبھیر اور ٹیم مینجمنٹ پر کڑی تنقید کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ہیڈ کوچ تیسرے میچ سے قبل واشنگٹن سندر کو واضح اور مستقل کردار دیں، انہیں مختلف بیٹنگ نمبرز اور محدود بولنگ کے باعث اپنی شناخت بنانے میں دشواری کا سامنا ہے۔ سندر کو بنیادی بولر کے طور پر کھلایا جائے، جو بولنگ بھی کرسکتا ہو، اُس کے بیٹنگ آرڈر کو اوپر نیچے کرنے اور کم اوور کرانے سے اُس کی کارکردگی میں فرق آرہا ہے۔ بھارتی ٹیم ردھم کھو بیٹھی ہے۔