• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: شدید بارش، برفباری و طوفانی ہواﺅں کی پیشگوئی

—تصویر بشکریہ  سوشل میڈیا
—تصویر بشکریہ  سوشل میڈیا

برطانیہ کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں اور 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواﺅں کی پیش گوئی کرتے ہوئے فلڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

طوفان برام کے نام سے جاری فلڈ الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگلے چند یوم کے دوران 4 انچ تک شدید برف باری اور طوفانی ہوائیں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر سکتی ہیں۔

آج شام سے میٹ آفس کی طرف سے موسمی تبدیلی کے لیے امبر اور بارش کے لیے ییلو وارننگ جاری کی گئی ہے، جس سے ملک کے مغربی علاقے زیادہ متاثر ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

مجموعی طور پر سیلاب کی 75 کے قریب وارننگز جاری کی گئی ہیں، انگلینڈ اور ویلز اس طوفان کی زد میں آئیں گے، مختلف علاقوں اور گھروں کو سیلابی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج رات 10 بجے سے کل شام 4 بجے تک ڈور سیٹ سے کارن وال اور نارتھ ویلز تک 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے لیے زرد وارننگ جاری کی گئی ہے۔

اس صورتِ حال کے باعث بس سروس، ٹرین کی آمد و رفت، بجلی کی ترسیل اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورک بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید