کراچی(نیوزڈیسک)شام کے قدیم شہر تدمر (پالمیرا) کے قریب مشترکہ گشت کے دوران امریکی اور شامی افواج پرداعش کا حملہ، فائرنگ کے واقعے میں 2 امریکی فوجیوں سمیت 3 امریکی شہری ہلاک ہوگئے۔ امریکی فوجی کی سینٹرل کمانڈ کے مطابق حملے میں ایک سویلین امریکی مترجم اور 2 امریکی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ 3 امریکی فوجی زخمی ہوگئے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق حملہ آور کا تعلق عالمی دہشتگرد گرد تنظیم داعش سے تھا جسے موقع پر ہی ہلاک کردیا گیا۔اس سے قبل شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے ایک سکیورٹی ذریعے کے حوالے سے بتایا تھاکہ اس حملے میں شامی سکیورٹی فورسز کے کم از کم 2 اہلکار جبکہ کم از کم 4 امریکی فوجی زخمی ہوئے۔شامی خبررساں ایجنسی کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا تاہم اس کی شناخت یا حملے کے محرکات کے بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آ سکی۔