پیرس( رضا چوہدری/ نمائندہ جنگ ) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں فائرنگ کے حالیہ واقعے کے بعد فرانس میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ صدر میکروں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ فرانسیسی حکام نے ملک بھر میں حساس مقامات، بالخصوص عبادت گاہوں، یہودی کمیونٹی مراکز اور عوامی اجتماعات کے گرد حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔فرانس کی وزارتِ داخلہ کے مطابق سڈنی میں پیش آنے والے واقعے کے تناظر میں Vigipirate سیکیورٹی نظام کے تحت پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو چوکس رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ دارالحکومت پیرس سمیت بڑے شہروں میں اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ ریلوے اسٹیشنز، میٹرو، شاپنگ سینٹرز اور مذہبی مقامات کے اطراف نگرانی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات کسی مخصوص خطرے کی بنیاد پر نہیں بلکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر کیے گئے ہیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔