• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی کوریا مصنوعی ذہانت کا جامع قانون نافذ کرنیوالا دنیا کا پہلا ملک

کراچی (نیوز ڈیسک) جنوبی کوریا مصنوعی ذہانت کا جامع قانون نافذ کرنیوالا دنیا کا پہلا ملک، اے آئی فریم ورک ایکٹ 22 جنوری سے نافذ العمل، قومی AI کمیٹی اور تین سالہ منصوبہ تشکیل دیا جائیگا۔ اسٹارٹ اپس و چھوٹی کمپنیوں میں شدید خدشات، 98 فیصد مقامی اسٹارٹ اپس قانون پر عمل کیلئے تیار نہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق جنوبی کوریا آئندہ ماہ مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق ایک جامع قانون نافذ کرنے جا رہا ہے، جس کے بعد وہ دنیا کا پہلا ملک بن جائے گا جہاں اے آئی کے لیے مکمل ریگولیٹری فریم ورک قانونی طور پر لاگو ہوگا۔ اے آئی فریم ورک ایکٹ 22 جنوری 2026 سے نافذ ہوگا، جس کے تحت ایک قومی اے آئی کمیٹی قائم کی جائے گی، تین سالہ بنیادی اے آئی منصوبہ تیار کیا جائے گا اور تحفظ و شفافیت سے متعلق سخت ضوابط لاگو ہوں گے، جن میں بعض اے آئی نظاموں کے لیے معلومات ظاہر کرنے کی شرط بھی شامل ہے۔ تاہم صنعت سے وابستہ حلقوں، خاص طور پر اسٹارٹ اپس، نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ قوانین کاروباری ترقی میں رکاوٹ بن سکتے ہیں اور چھوٹی کمپنیوں کے لیے ناقابلِ برداشت بوجھ ثابت ہوں گے۔ ایک سروے کے مطابق 101 میں سے 98 فیصد اے آئی اسٹارٹ اپس نے ابھی تک نئے قانون پر عمل درآمد کے لیے کوئی نظام قائم نہیں کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سخت اور فوری نفاذ کی صورت میں بعض کمپنیاں خدمات معطل کرنے یا بیرونِ ملک منتقلی پر مجبور ہو سکتی ہیں، جس کے باعث جاپان جیسے ممالک، جہاں نرم اور رضاکارانہ ضابطہ کار موجود ہے، جنوبی کوریائی اسٹارٹ اپس کے لیے پرکشش بنتے جا رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید