• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناظم آباد میں 17 افراد کو حراست میں لیا گیا، اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ

کراچی( اسٹاف رپورٹر )اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے مطابق ناظم آباد میں گزشتہ روز چھاپہ مار کارروائی میں17افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے8ملزمان کا بھتہ خوری کا کرمنل ریکارڈ موجود ہے۔ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر محمد عمران خان نے اتوار کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ شب رضویہ تھانے کی حدود ناظم آباد میں سیاسی جماعت کے سربراہ کے گھر قادری ہائوس پر کارروائی کی گئی جو کہ ایس آئی یو اور ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کا مشترکہ آپریشن تھا۔کارروائی پہلے سے گرفتار ملزم ریحان الدین کی نشاندہی پر کی گئی۔بھتہ خور ریحان کو دو روز قبل مقابلے میں ایس آئی یو نے زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔ چھاپے کے دوران 9ہتھیار جن میں 3رائفل، ایس ایم جیز اور پستول شامل ہیں برآمد کی گئیں ۔ انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں گرفتار 8 افراد کا کرمنل ریکارڈ ملا ہےجن میں بھتہ خوری میں ملوث 2 مرکزی ملزمان جواد عرف واجہ قادری، ملا شاہ زیب شامل ہیں ان کے علاوہ بھتہ خوری کے دوران فائرنگ میں ملوث 3 ملزمان شعیب،طاہر ،عامر اور دیگر3 سہولت کار شامل ہیں۔ایس ایس پی کے مطابق بھتہ خوری ،غیرقانونی اسلحہ کے جرم میں ملوث 9 ملزمان کے خلاف 10 مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ دیگر افراد کے مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ پرتال کی جا رہی ہے۔ ایس ایس پی ایس آئی یو نے بتایا کہ شہر میں بھتے کا بڑا نیٹ ورک چلانے میں انتہائی مطلوب ملزمان وصی اللہ لاکھو اور عبدالصمد کاٹھیاوڑی ملوث ہیں جو ملک سے باہر چھپے ہوئے ہیں۔ اس گروہ کا کراچی میں نیٹ ورک چلانے میں تین ملزمان جواد عرف وجہ قادری ، ریحان الدین اور ملا شاہ زیب کا مرکزی کردارہے۔گرفتار تینوں ملزمان بھتہ خوری کے متعدد مقدمات میں ملوث ہیں،زخمی حالت میں گرفتارملزم ریحان الدین ایک ماہ قبل جمشید کوارٹر تھانے کی حدود کار شو روم پر فائرنگ اور بھتے کے مقدمے میں ملوث ہے۔
اہم خبریں سے مزید