• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: پولیس انسپکٹر کو مسلسل ہراساں اور خون سے لوو لیٹر لکھنے والی خاتون کیخلاف مقدمہ درج

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بھارتی شہر بنگلور میں پولیس انسپکٹر کو مبینہ طور پر مسلسل ہراساں کرنے، سرکاری فرائض میں رکاوٹ ڈالنے اور خودکشی کی دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق خاتون پر الزام ہے کہ وہ ایک حاضر سروس پولیس انسپکٹر کو دوستی کرنے پر مجبور کر رہی تھی۔

اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) انسپکٹر ستیش جی جے کی جانب سے درج کروائی گئی شکایت کے مطابق 30 اکتوبر سے انہیں ایک نامعلوم نمبر سے واٹس ایپ پر بار بار کالز موصول ہونا شروع ہوئیں۔ کال کرنے والی خاتون نے خود کو سنجنا بتایا اور مبینہ طور پر بےربط گفتگو کرتے ہوئے محبت کا اظہار اور جواب میں محبت کا تقاضا کیا۔

پولیس انسپیکٹر کے مطابق ابتداء میں اس نے یہ سب مذاق سمجھ کر نظرانداز کیا مگر کالز کا سلسلہ مختلف نمبروں سے جاری رہا جس کے بعد خاتون کے تمام نمبرز بلاک کر دیے گئے۔ 

بعدازاں خاتون نے ایک اور نمبر سے رابطہ کر کے خود کو کانگریس کی کارکن بتایا اور وزیراعلیٰ، نائب وزیراعلیٰ اور وزیرِ داخلہ سے قریبی روابط کا دعویٰ کیا۔ خاتون نے مبینہ طور پر سینئر سیاسی رہنماؤں کے ساتھ تصاویر بھی بھیجیں اور اثر و رسوخ استعمال کرنے کی دھمکی دی۔

معاملہ اس وقت سنگین ہوگیا جب وزیر داخلہ اور نائب وزیراعلیٰ کے دفاتر سے کالز آئیں اور پوچھا گیا کہ انسپکٹر خاتون کے معاملے پر توجہ کیوں نہیں دے رہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس انسپکٹر نے واضح کیا کہ خاتون نے کبھی تھانے میں کوئی شکایت درج نہیں کروائی اور غیر معقول رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس انسپیکٹر نے شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ خاتون اِن کی غیر موجودگی میں تھانے آئی، خود کو رشتہ دار ظاہر کیا اور دفتر میں پھولوں کا گلدستہ اور مٹھائی رکھ گئی۔ وارننگ کے باوجود یہ سلسلہ جاری رہا۔

7 نومبر 2025ء کو خاتون مبینہ طور پر تھانے میں داخل ہوئی اور عوامی شکایات کی سماعت کے دوران انسپکٹر کو ایک لفافہ دیا، لفافے میں تین خطوط اور نشہ آور گولیاں تھیں۔ خطوط میں محبت کے اعترافات کے ساتھ خودکشی کی دھمکیاں بھی درج تھیں، خاتون نے اپنے خون سے خط میں لکھا تھا کہ محبت قبول نہ ہونے پر وہ جان دے دے گی اور اس کی ذمہ داری انسپکٹر پر ہوگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ یہی خاتون پہلے بھی دیگر سینئر اور جونیئر پولیس افسران کو اسی طرح نشانہ بنا چکی ہے۔

12 دسمبر 2025ء کو خاتون دوبارہ تھانے آئی، آواز بلند کی، محبت کا اظہار کیا اور انکار کی صورت میں خودکشی اور انسپکٹر کی ساکھ خراب کرنے کی دھمکیاں دیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مسلسل ہراسانی پر انسپکٹر ستیش جے جے کی باضابطہ شکایت پر پولیس اسٹیشن میں سرکاری ڈیوٹی میں رکاوٹ، مجرمانہ دھمکیاں اور خودکشی کی دھمکیوں سے متعلق دفعات کے تحت خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید