اسلام آباد ( رانا غلام قادر ) پارلیمنٹ لاجز میں آؤٹ سورسنگ ماڈل پر شدید تحفظات سامنے آ گئے۔ یہ تحفظات ایوانِ بالا کی سینیٹ ہاؤس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سامنےآئے جو کنوینر سینیٹر ناصر محمود بٹ کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔سینٹ کی ہاؤس کمیٹی اجلاس میں ارکان سینٹ نے کہا کہ چھ سال سے آؤٹ سورسنگ ماڈل مکمل طور پر ناکام ہو چکا،پارلیمنٹ لاجز میں فلیٹس کی صورتحال صحیح نہیں ، ٹاپ فلور کی چھتیں انتہائی ناکارہ ہو چکی ہیں اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز میں مرمت و بحالی کے کاموں، صفائی و لفٹ سروسز کی آؤٹ سورسنگ، گزشتہ دو سال کے اخراجات اور سینیٹرز کے لیے 104 نئے لاجز کی تعمیراتی منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز میں جنٹوریل اور لفٹ سروسز کی آؤٹ سورسنگ پر شدید اختلاف سامنے آیا۔ سینیٹر دنیش کمار نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ چھ سال سے آؤٹ سورسنگ ماڈل مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور نظام بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوا ہے۔