کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں اعلیٰ سطح کوریائی تعلیمی وفد نے فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ کمپیوٹنگ سائنسز کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت ٹونگون یونیورسٹی کے وائس پریذیڈنٹ ڈاکٹر چوئی جونگ اِن کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور سندھ اسمبلی کے رکن سید عادل عسکری بھی موجود تھے۔دورے کے دوران کوریائی وفد کو فیکلٹی میں قائم جدید تعلیمی و تحقیقی سہولتوں کا تفصیلی دورہ کرایا گیا۔ وفد نے بالخصوص آگمینٹڈ اینڈ ورچوئل ریئیلٹی (A&VR) لیبارٹری میں جاری تحقیقی و تکنیکی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔اس موقع پر دوطرفہ ملاقاتوں میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلہ پروگرامز، اور کوریائی جدید ٹیکنالوجی کو داؤد یونیورسٹی کے تعلیمی و تحقیقی نظام میں شامل کرنے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ کوریائی زبان کو بطور غیر ملکی زبان نصاب کا حصہ بنانے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی تاکہ تعلیمی و ثقافتی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر رجسٹرار داؤد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ نے کوریائی وفد کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔