کراچی (اعظم علی /نمائندہ خصوصی ) ڈسٹرکٹ سٹی میں پولیس اہلکار قانون کی دھجیاں اڑانے لگے ، چاکیواڑہ تھانے کے اہلکاروں کی جانب سے ملزمان کو رشوت کے عوض چھوڑے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکاروں کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری اور رقم کے بدلے ان کی رہائی کا سلسلہ تاحال جاری ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ چاکیواڑہ تھانے میں تعینات اسدنامی اہلکار نے تقریباً 10 روز قبل بہارکالونی پیالہ ہوٹل کے قریب چھالیہ فروش دانش نامی شخص کو گرفتارکیا تھا تاہم ملزم کی جانب سے 2لاکھ روپے ادائیگی کے بعد اسے رہا کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار اسد کے خلاف اس سے قبل بھی رشوت ستانی کے کئی معاملات سامنے آچکے ہیں ۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ایس ایچ اوچاکیواڑہ ساجد دھاریجونے بتایاکہ پولیس اہلکار اسدکی جانب سے رشوت وصولی کے معاملے سے وہ لاعلم ہیں ،اس سلسلے میں تحقیقات کی جائیں گی ،اگر الزام سچ ثابت ہواتو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔