کراچی (نیوز ڈیسک) چین کے سنکیانگ میں دنیا کا سب سے طویل ایکسپریس وے ٹنل کھل گیا۔ 22.13 کلومیٹر طویل تیانشان شینگل ٹنل نے مشکل پہاڑی سفر کو صرف 20منٹ میں بدل دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے شمال مغربی خطے سنکیانگ میں دنیا کا سب سے طویل ایکسپریس وے ٹنل، تیانشان شینگل ٹنل ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ یہ 22.13 کلومیٹر طویل ٹنل تیانشان پہاڑی سلسلے کے درمیان سے گزرتا ہے اور اُرُمچی اور یولی کے درمیان سفر کا وقت تقریباً سات گھنٹے سے تین گھنٹے تک کم کر دیتا ہے۔ یہ ٹنل G0711 اُرُمچی یولی ایکسپریس وے کا حصہ ہے، جو شمالی اور جنوبی سنکیانگ کو آپس میں جوڑتا ہے۔ پانچ سال کی تعمیر میں یہ 324.7 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے 46.7 ارب یوان (تقریباً 18 کھرب روپے) کی لاگت سے مکمل ہوئی۔ نیا راستہ سنکیانگ کو بیجنگ تیانجن ہوبی، یانگزی ریور ڈیلٹا، گوآنگڈونگ ہانگ کانگ مکاؤ گریٹر بے ایریا اور چنگدوچونگ چنگ کے اہم اقتصادی علاقوں سے جوڑتا ہے، جس سے اقتصادی ترقی اور یوریشیا کے ممالک کے ساتھ تجارتی روابط میں اضافہ متوقع ہے۔