کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں ہوا بازی کا ہنگامہ خیز سال، انڈیگو بحران، ایئر انڈیا حادثے نے سوال اٹھا دیئے۔ انڈیگو کی دو ہزار سے زائد پروازیں منسوخ، پائلٹس کے اوقاتِ کار کے نئے قواعد پر تیاری نہ ہونیکا انکشاف، ایئر انڈیا حادثے میں حفاظتی معیار و انتظامی کمزوریوں پر تنقید، دو بڑی ایئرلائنز کی اجارہ داری توڑنے کے مطالبات تیز ہوگئے ہیں۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق بھارت کے ہوابازی کے شعبے نے ایک نہایت ہنگامہ خیز سال دیکھا، جہاں کم لاگت ایئرلائن انڈیگو کو پائلٹس کی تھکن سے متعلق نئے قواعد کے لیے بروقت تیاری نہ کرنے پر شدید بحران کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں دو ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں اور مسافروں کو بڑے پیمانے پر مشکلات پیش آئیں، جبکہ ایئر انڈیا کے ایک مہلک حادثے نے حفاظتی انتظامات، نگرانی اور انتظامی صلاحیتوں پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے۔