کراچی (نیوز ڈیسک)فلسطینی تنظیم حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ انہیں غزہ میں قیام امن کیلئے ٹرمپ کی صلاحیت پر اعتماد ہے، امریکا ہی وہ واحد فریق ہے جو اسرائیل کو معاہدوں پر عمل درآمد کا پابند بنا سکتا ہے، ان کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہےجب ٹرمپ فلوریڈا کے پام بیچ پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کررہے ہیں ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کی پٹی میں جنگ رکوانے کے لیے اہم کوششیں کی ہیں، تاہم جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب بھی میدانی حالات میں بڑی تعداد میں جانی نقصان ہو رہا ہے۔ترجمان نے "العربیہ/الحدث" سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 420 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ ان متاثرین کی بھاری اکثریت بچوں، خواتین اور معمر افراد پر مشتمل ہے۔اس کے باوجود ترجمان نے غزہ اور خطے میں امن قائم کرنے کے لئے امریکی صدر کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ امریکا ہی وہ واحد فریق ہے جو اسرائیل کو معاہدوں پر عمل درآمد کا پابند بنا سکتا ہے۔