نئی دلی (صباح نیوز) بھارت میں ایک سوشل میڈیا ویڈیو بہت تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک شخص سوتے ہوئے دسویں منزل سے گرنے کے باوجود معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔ واقعہ بھارتی شہر سورت میں پیش آیا جہاں 57 سالہ نیتن دسویں منزل پر کھڑکی کے پاس سو رہا تھا کہ کروٹ بدلنے پر اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور نیچے گر گیا یہ حادثہ کسی معجزے سے کم نہیں تھا کیونکہ گرنے والے شخص کی ٹانگ دو منزل نیچے ایک فلیٹ کی کھڑکی پر نصب لوہے کی جالی میں پھنس گئی اور وہ وہیں الٹے لٹک گیا۔ وائرل ہونے والے واقعے کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیتن الٹے لٹکے ہوئے ہیں اور ان کی ٹانگ جالی میں بری طرح پھنسی ہوئی ہے۔ منظر اتنا خوفناک تھا کہ دیکھنے والوں کی سانسیں تھم گئیں۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا گیا، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر فوری کارروائی شروع کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے اوپر والی منزل سے رسیوں اور سیفٹی بیلٹس کے ذریعے نیتن کو محفوظ انداز میں باندھا، جبکہ نیچے کی جانب حفاظتی جال بھی نصب کیا گیا تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ تقریباً ایک گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد ریسکیو ٹیم نے کامیابی سے نیتن کی ٹانگ جالی سے آزاد کروا لی۔ اس دوران موقع پر موجود افراد نے سکھ کا سانس لیا اور ریسکیو ٹیم کی مہارت کو سراہا۔ حادثے کے فوراً بعد نیتن کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ معجزانہ طور پر ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہا۔