• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2025 بھارتی فلم و ٹی وی انڈسٹری کیلئے انتہائی افسوسناک رہا

لاہور(خالدمحمودخالد)سال2025بھارتی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کے لئے انتہائی افسوسناک رہا۔ اس سال کئی لیجنڈ اور محبوب اداکاروں اور اداکاراؤں نے دنیا کو الوداع کہا جن کی اداکاری نے کروڑوں ناظرین کے دلوں پر گہری چھاپ چھوڑی۔ بالی ووڈ سے لے کر ساؤتھ انڈین سینما تک ان کی جدائی نے انڈسٹری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ معروف لیجنڈ اداکار دھرمیندر 24 نومبر کو 89 سال کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ بالی ووڈ کے "ہی مین" کہلانے والے دھرمیندر نے شعلے، چپکے چپکے اور پھول اور پتھر جیسی کلاسک فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس سپراسٹار نے چھ دہائیوں پر محیط کیریئر میں 300 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ایک اور لیجنڈ اداکار منوج کمار بھی اس سال اپریل میں 87 سال کی عمر میں چل بسے۔ "بھارت کمار" کے نام سے مشہور منوج کمار نے اپکار، شہید اور پورب اور پچھم جیسی مقبول فلموں میں نہ صرف اداکاری کی بلکہ ہدایت کاری کے جوہر بھی دکھائے۔ کامیڈی کے بادشاہ گووردھن اسرانی 20 اکتوبر کو 84 سال کی عمر میں اس جہان فانی سے رخصت ہوئے۔ شعلے میں جیلر کے آئیکونک رول سمیت 350 سے زائد فلموں میں کامیڈی کے لازوال کردار ادا کئے۔ ایک اور معروف اداکار ستیس شاہ 25 اکتوبر کو 74 سال کی عمر میں چل بسے۔

دنیا بھر سے سے مزید