• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، اندور میں آلودہ پانی پینے سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی

لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے علاقے بھگیرتھ پورہ میں آلودہ پینے کے پانی سے صرف دو روز کے دوران ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے جب کہ 162 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 26 کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے جب کہ ایک مریض وینٹی لیٹر پر ہے۔ یہ واقعہ 25 اور 26 دسمبر کو پیش آیا تھا جب درجنوں افراد قے، دست اور شدید انفیکشن کی شکایات کے ساتھ مختلف اسپتالوں میں داخل ہوئے۔ ابتدائی طور پر محکمہ صحت نے اموات کے آلودہ پانی سے تعلق کو تسلیم کرنے سے انکار کیا۔ تاہم بدھ کے روز پانچ ماہ کے ایک بچے کی موت کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی جس پر ریاست کے وزیراعلیٰ بی جے پی کے راہنما ڈاکٹر موہن یادو کو فوری طور پر اسپتال پہنچنا پڑا جس کے بعد بالآخر انتظامیہ نے تسلیم کیا کہ آلودہ پانی کے باعث مرنے والوں کی تعداد آٹھ ہو چکی ہے۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر علاقہ کے سرکاری اسپتال میں ایک مکمل وارڈ خالی کر دیا گیا جبکہ دوسرے اسپتال میں 100 بستروں پر مشتمل وارڈ مخصوص کیا گیا ہے۔ معاملے میں غفلت کے الزام پر تین افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید