• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام مسائل کا حل مذاہب کے درمیان اتحاد میں مضمر ہے، کھیل داس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی اس بات پر زور دیا ہے کہ معاشرے کو درپیش چیلنجز کا حل ہم آہنگی اور باہمی احترام سے ہی ممکن اور تمام مسائل کا حل مذاہب کے درمیان اتحاد اور افہام و تفہیم میں مضمر ، ایک دوسرے کے مذاہب کو سمجھنا ضروری ہے، اس سال اسمبلی میں مذہبی ہم آہنگی کی پالیسی متعارف کروائی گئی اور اس بات پر زور دیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق تعلیمات کو ابتدائی عمر سے ہی رواداری کو فروغ دینے کے لیے تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جانا چاہیے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے تحت ہولی ٹرنیٹی کیتھیڈرل چرچ کراچی میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس میں کیا ، کانفرنس میں مسلم، عیسائی، ہندو، سکھ، پارسی اور بہائی برادریوں کے مذہبی رہنماؤں، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سفیروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی جن میں مفتی محمد یوسف قصوری، علامہ ڈاکٹر شبیر حسین میثمی، تشنا پٹیل، ڈاکٹر جمیل راٹھور، طوبیٰ کہروی، سردار رمیش سنگھ، بشپ فریڈرک جان ، مفتی ابوہریرہ محی الدین اور ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی اور دیگر شامل تھے، کھیل داس کوہستانی نے مزید کہا کہ باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے لیے ایک دوسرے کے مذاہب کو سمجھنا ضروری ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید