لاہور(کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ جنرل پریڈ کسی بھی فورس کے نظم و ضبط کا بہترین مظاہرہ ہوتی ہے۔ پریڈ کے تسلسل سے افسران اور اہلکاروں کی جسمانی فٹنس برقرار رہتی ہے جبکہ یہ پولیس فورس کی تاریخ، ورثے اور روایات کی عکاسی بھی کرتی ہے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ جنرل پریڈز پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے اہلکاروں کو ذہنی و جسمانی طور پر تیار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی ہدایات پر ہر ہفتے باقاعدگی سے جنرل پریڈز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق جنرل پریڈز کا مقصد پولیس اہلکاروں کو ہمہ وقت الرٹ رکھنا اور فورس میں نظم و ضبط، اتحاد اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینا ہے ۔ پریڈ میں پولیس لائنز، ڈولفن فورس، اینٹی رائٹ فورس، ٹریفک پولیس، مجاہد سکواڈ، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (SPU)، لیڈیز پولیس، او سی یو، انویسٹی گیشن ونگ اور آپریشن ونگ سمیت مختلف تھانہ جات کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔