لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وڑن کے مطابق میلسی کینال میں گراؤنڈ واٹر ریچارج منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا، صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے، ڈائریکٹر ریسرچ ذاکر حسین سیال نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی، محکمہ آبپاشی کے سینئر افسران اور معززین نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیر زادہ نے بتایا کہ گراؤنڈ واٹر ریچارج منصوبہ صوبہ بھر میں شروع کیا گیا ہے، پراجیکٹ کے تحت طویل عرصے سے بند اولڈ میلسی کینال کو بحال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گراؤنڈ واٹر ریچارج منصوبے کے تحت ہیڈ اسلام سے سیلابی پانی کو زیر زمین محفوظ بنانے کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2025 کے سیلاب میں 12 ہزار ایکڑ فٹ محفوظ کیا گیا ہے جس سے علاقے میں پانی کی سطح 5 فٹ سے 10 فٹ تک بلند ہوئی ہے.